اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان کی رپورٹ کے مطابق افغان فورسز نے پاکستان کی درخواست پر افغانستان کے صوبہ کنٹر کے ضلع دنگام میں آپریشن کیا جس میں اکیس دہشتگرد ہلاک جب کہ تینتس افراد زخمی ہوگئے ۔ دوسری جانب افغانستان کے صوبے کنٹر میں ملا فضل اللہ کی موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں ، واضح رہے کہ پاکستان متعدد مرتبہ افغان حکومت سے ملا فضل اللہ کی حوالگی اور افغان سرزمین سے پاکستان پر حملہ آور ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرچکا ہے۔ اور سولہ دسمبر کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رضوان نے فوری طور پر کابل کا دورہ کرکے افغان صدر سے اہم معلومات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی درخواست پر ہی افغان سکیورٹی فورسز نے صوبہ کنٹر میں آپریشن شروع کیا ہے جس میں اب تک دسیوں دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲